ہوشاپ میں نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما کے گھر پر فورسز کا چھاپہ ، خواتین پر تشدد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما کے گھر پر پاکستانی فورسز نے چھاپہ مارکر خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

واقعہ کے بعدنیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے تحصیل ہوشاپ کے صدر اور سابق ہیڈ ماسٹر کے گھر پر سیکیورٹی اداروں کی کارروائی کو چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹر بلیدی نے کہا کہ اہلکاروں نے گھر میں داخل ہوکر خواتین اور بچوں پر بندوقیں تانیں اور انتہائی بداخلاقی سے پیش آئے، جو کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی یہ بلاجواز کارروائی شریف النفس شہریوں کو ہراساں کرنے کے مترادف ہے اور اس سے منفی پیغام دیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھر سے ایک موٹر سائیکل اور شاٹ گن بھی لے جایا گیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کا نوٹس لیا جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ کس کے حکم پر یہ کارروائی ہوئی۔

سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ متعلقہ افسر کو قانون کے دائرے میں لاکر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات نہ دہرائے جائیں۔

Share This Article