بلوچستان کے ساحلی علاقے پسنی میں روڈ حادثہ اور تمپ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
مکران کوسٹل ہائی وے پر کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ہلاک ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح مکران کوسٹل ہائی پر جمعہ ڈیم کے قریب کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار موقع پر ہلاک ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہلاک شخص کی لاش کو سول ہسپتال گوادر منتقل کر دیا ، جس کی شناخت حنیف ولد رسول بخش سکنہ سربندر کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب تمپ نزر آباد کے علاقے میں11 ہزار کے وی کی ہائی وولٹیج بجلی کی تار گرنے سے ایک مقامی شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت موسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بجلی کی مین لائن کی تار پہلے سے ٹوٹ کر زمین پر گری ہوئی تھی لیکن متعلقہ ادارے کی جانب سے بروقت کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے جس کے باعث یہ سانحہ پیش آیا۔
موسیٰ نامی شخص بے خبری میں زمین پر گری ہوئی تار پر پاؤں رکھ بیٹھا جس کے نتیجے میں وہ کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے وقت موسیٰ کے ساتھ موجود ایک پالتو کتا بھی کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ تار کے زمین پر پڑے ہونے کی شکایت متعلقہ حکام کو دی گئی تھی، لیکن کوئی کارروائی نہ کی گئی۔