بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پولیس نے ایک سرکاری افسر کو ڈرانے، دھمکانے پر بلوچستان کے ایک سابق وزیر اور جے یو آئی کے رہنما مولوی محمدسرور موسیٰ خیل کو 2 بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
ان پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو لعل جان جعفر سے تلخ کلامی، ان کے گھر والوں کو ڈرانے اور دھمکا نے کے الزام ہے ۔
مولوی محمدسرور موسیٰ خیل کے خلاف2مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرنے کے بعدانہیں اور ان کے بیٹوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو لعل جان جعفر نے سول لائن پولیس تھانے میںاطلاع دی ہے کہ مولوی محمد سرور موسیٰ خیل انکے دفتر میں آئے جہاں انہوں نے مجھ سے تلخ کلامی کی اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جبکہ سابق وزیر کے 5،6افراد انکی رہائش گاہ کسٹم کالونی ائیر پورٹ روڈ آئے جہاں میرے گھر والوں کو ڈرایا اور ہراساں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھر سے جاتے وقت گھر کے دروازے اوردیوار پر دھمکی آمیز پیغاما ت لکھے جس سے انہیں اورانکے اہل خانہ کو جان کا خطرہ ہے جس پر سول لائن پولیس تھانہ نے مولوی سرور موسیٰ خیل کے خلاف زیردفعہ ت پ B/506،504ت پ، 353ت پ، 186 ت پ اور 34ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ ائیر پورٹ پولیس تھانہ نے بھی سیکرٹری لعل جان جعفر کی درخواست پر مولوی سروری موسیٰ خیل کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔