بلوچستان حکومت نے سرکاری ملازمین کے ریٹائرمنٹ پر ملنے والے یکمشت واجبات (Lump Sum Payment) میں نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (بینولینٹ فنڈ سیکشن) نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ اس سے قبل موجودہ شرح 20 نومبر 2018 سے 31 دسمبر 2024 تک نافذ تھی۔
نئے شیڈول کے مطابق گریڈ 1 کے ملازم کو ریٹائرمنٹ پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے کے بجائے اب 5 لاکھ 60 ہزار روپے ملیں گے، جبکہ گریڈ 22 کے ملازم کے لیے یہ رقم 30 لاکھ 60 ہزار روپے سے بڑھا کر 37 لاکھ 90 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
اسی طرح گریڈ 17 میں موجود ملازمین کی رقم 15 لاکھ 50 ہزار سے بڑھا کر 19 لاکھ 20 ہزار، گریڈ 18 میں 18 لاکھ 50 ہزار سے بڑھا کر 22 لاکھ 90 ہزار اور گریڈ 20 میں 25 لاکھ 70 ہزار سے بڑھا کر 31 لاکھ 80 ہزار کر دی گئی ہے۔
حکومت بلوچستان کے مطابق یہ اقدام ملازمین اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے مالی مسائل میں کمی لائی جا سکے۔