بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پاکستانی فورسز پر دو مختلف حملوں میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔
بلوچستان سے اطلاعات ہیں کہ ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔
پاکستانی حکام نے آواران کے علاقے جھاؤ میں آئی ای ڈی دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 109 ونگ کے سپاہی محمد زبیر اور سپاہی رحمت اللہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ادھر پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں گھات لگائے مسلح افراد نے پولیس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سمیت 3 اہلکار ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں حملہ آروں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے ایس ایچ او عمر نواز اپنے 2 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے،جب کہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایس ایچ او عمر نواز، اہلکاروں کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھےکہ اچانک گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، ساتھ ہی مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا۔