خاران و مستونگ میں ناکہ بندی ، معدنیات کے ٹرکوں پر حملہ، پولیس کے اسلحات ضبط

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے خاران میں گواش روڈ پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران بھاگنے والے معدنیات کے ٹرکوں پر فائرنگ کی جس سے انہیں نقصا ن پہنچا جبکہ مستونگ میں مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیکر ان کے اسلحات ضبط کر لئے۔

خاران سے اطلاعات ہیں کہ خاران میں گواش روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والی گاڑیوں پر فائرنگ کی ہے جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے ۔

علاقائی ذرائع کے مطابق واقعہ خاران کے علاقے گواش سی پیک لنک روڈ پر پیش آیا جہاں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے روڈ ناکہ بندی کررکھی تھی اور گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ کی جارہی تھی ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس موقع پر معدنیات لیجانے والے ٹرکوں نے ناکے سے نکلنے کی کوشش کی جس پر مسلح افراد نے انھیں نشانہ بنایا جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب مستونگ میں سول ہسپتال چوک پر ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں سے نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری اسلحہ چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح موٹرسائیکل سوار افراد اچانک موقع پر پہنچے اور دو پولیس اہلکاروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔

مسلح افراد نے اہلکاروں سے سرکاری ہتھیار چھین لیے جبکہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی۔

واقعے کے بعد مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور بآسانی چلے گئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ا ن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔

اب تک کسی تنظیم نے مذکورہ واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Share This Article