شمالی وزیرستان اور گلگت بلتستان میں فورسز پر حملہ اور ہیلی کاپٹر گرنے سے 2 میجر سمیت 6 اہلکار ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

شمالی وزیرستان اور گلگت بلتستان میں پاکستانی فورسز پر حملہ اور تربیتی ہیلی کاپٹر گرنے سے 2 میجر سمیت 6 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

شمالی وزیرستان کے تھانہ میر علی کی حدود میں پولیس چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کردیا۔

حکام نے دعویٰ کیا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 د حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

تھانہ میر علی کی حدود میں پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے میں پولیس کانسٹیبل نظام اللہ ہلاک اور کانسٹیبل انعام اللہ زخمی ہوگئے۔

حکام نے دعویٰ کیا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں نہ صرف حملہ آور بھاگنے پر مجبور ہوگئے بلکہ فورسز نے 3 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔

ادھر پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران گِر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں دو میجر سمیت عملے کے پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ یکم ستمبر کی صبح 10 بجے ’ایم آئی سیون‘ ہیلی کاپٹر کینٹونمنٹ سے 12 گلو میٹر دور ہڈر گاؤں کے قریب گِر کر تباہ ہوا۔

اس کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا جب اس میں تکنیکی مسئلہ پیدا ہوا جو کریش کا باعث بنا۔

فوج کے مطابق اس حادثے میں عملے کے پانچ افراد پائلٹ اِن کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینیئر مقبول، کریو چیف جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر ہلاک ہوئے ہیں۔

اس کا کہنا تھا کہ تربیتی مشن آرمی ایوی یشن کی معمول کی سرگرمیوں میں سے ایک ہے جن کا مقصد رسکیو اور انسانی مدد کے آپریشنز کی تیاری ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے زیرِ انتظام گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق نے تصدیق کی تھی کہ چلاس کے علاقے ہڈر گاؤں کے قریب آرمی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا ہے۔

فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ اس ہیلی کاپٹر کو گلگت بلتستان کی حکومت امدادی کارروائیوں کے لیے بھی استعمال کرتی رہی ہے۔

فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ آئی جی پولیس، کمشنر دیامر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام موقع پر پہنچ چکے ہیں اور تمام ادارے ریسکیو کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Share This Article