بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں فائرنگ ، پنجگور اور دالبندین میں ٹریفک حادثات سے 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔
تمپ میں جمعرات کی شام کونشکلات کے پولیس ایریا میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اکمل ولد صالح محمد سکنہ کونشقلات تمپ کے نام سے ہوگئی ہے۔
واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ حملہ آوروں کا تعلق ریاستی ڈیتھ اسکواڈ سے تھا۔
دفوسری جانب پنجگور میں گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ہلاک ،خاتون اور بچہ زخمی ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق جمعرات کو پنجگور کے علاقے چودہ چوک کے قریب ایک گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں سجن ولد عبدالخالق ساکن جھل مگسی ہلاک جبکہ اسکی زوجہ فتح خاتون اور اسکا تین سالہ نواسہ احمد بخش شدید زخمی ہوگئے۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
واقعہ کے بعد گاڑی سوار فرار ہوگیا۔
پولیس نے ملزمان کی تلا ش شروع کردی۔
مزید کاروائی جاری ہے ۔
علوہ ازیں دالبندین میں زمباد گاڑی اور باؤزر کے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ دالبندین کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر لاگاپ کے مقام پر پیش آیا۔
حادثے میں دونوں گاڑیوں میں سوار تین افراد شدید زخمی ہوئے۔
زمباد ڈرائیور عبدالقیوم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر دو زخمیوں کو پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر لونگ خان نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں کوئٹہ ریفر کردیا۔
حادثے کی مزید تحقیقات مقامی انتظامیہ کر رہی ہے۔