ضلع خضدار: زہری میں ریاستی رٹ ختم ، شہر 10 روز سے سرمچاروں کے زیر کنڑول ہونے کا انکشاف

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
فوٹو: ھکل میڈیا

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میںریاستی رٹ ختم ہوچکی ہے ، شہرگذشتہ 10 روز سے مسلح آزادی پسند وں کے زیر کنڑول میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مختلف مقامات پر فوج کو شدید نوعیت کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ذرائع بتا رہے ہیں کہ گیارہ اگست کو بلوچ آزادی پسندوں نے زہری شہر میں اجتماع سے خطاب کیا جبکہ علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کرنے والے فوجی قافلوں کو مختلف مقامات پر حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

علاقائی ذرائع کا کہناہے کہ سرمچاروں نے منصوبہ بندی کے تحت داخلی راستوں پر گھات لگایا جبکہ سنی تا نورگامہ سمیت دیگر مقامات پر روڈ کو بلڈوز کیا گیا۔

فورسز کو گزان اور مشک سمیت دیگر مقام پر حملوں میں نشانہ بنایا گیا جبکہ گزان سینکوری کے مقام پر فورسز پر حملے و چھ اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق حکام نے کی ہے۔

سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیو کلپس میں فوج کی تباہ ہونے والی گاڑیاں اور فوجی اہلکاروں کے وردی و دیگر سامان شاہراہ پر پڑے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق علاقہ تاحال بلوچ آزادی پسندوں کے کنٹرول میں ہے۔

دریں اثناء انجیرہ آر سی ڈی کراس پر فورسز نے شاہراہ کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے زہری جانے والے دو نوجوانوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے ہمراہ لے جانے کی کوشش کی تاہم مسافروں کی مزاحمت پر فورسز نوجوانوں کو لیجانے میں ناکام ہوگئے۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بدستور بند ہے۔

Share This Article