کشمیر میں مسلح دراندازوں کے ساتھ جھڑپ میں 2 انڈین فوجی ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں سرینگر سے 101 کلومیٹر شمال میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک اوڑی میں گذشتہ دو روز کے دوران فوج اور مبینہ مسلح دراندازوں کے درمیان جھڑپوں میں انڈین فوج کے دو اہلکار مارے گئے ہیں۔

کشمیر میں قائم انڈین آرمی کی پندرہویں کور کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

فوجی ترجمان کے مطابق، بدھ کے روز اُوڑی میں ایل او سی کے قریب ’آپریشنل ڈیوٹی‘ کے دوران حوالدار انکِت کمار پر مبینہ دراندازوں نے فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے انھوں نے دم توڑ دیا۔

اس سے ایک روز قبل، اُوڑی سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک ہونے والی ایک جھڑپ میں انڈین فوج کے سپاہی بنوتھ انِل کمار مارے گئے تھے۔ انڈین فوج کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ان واقعات کے بعد مسلح درانداز فرار ہونے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔

تاہم فوج کا کہنا ہے کہ اس سیکٹر میں ایل او سی کے قریب کئی پوسٹوں کو ’جوابی کارروائی‘ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وسیع علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آوروں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز انڈین فوج نے اعلان کیا تھا کہ ضلع کولگام میں وسیع جنگلاتی علاقہ اکہال میں ڈیڑھ ہفتے سے جاری فوجی آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔

انڈین فوج کے ترجمان کے مطابق، آپریشن کے دوران گھنے جنگلوں اور غاروں میں چھپے عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے دو فوجی ہلاک جبکہ دس دیگر زخمی ہو گئے۔

فوج نے آپریشن کے دوران ایک عسکریت پسند کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

Share This Article