بلوچستان کے علاقے سبی میں مسلح افراد نے پولیس پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے ایک اے ایس آئی زخمی ہوگیا جبکہ پنجگور میں ایک نوجوان کی خودکشی کرلی۔
سبی میں گذشتہ روزچاکر روڈ پر گرلز کالج کے سامنے پولیس چیکنگ کے دوران دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس اہلکاروں پر دستی بم سے حملہ کردیا۔
دستی بم دھماکے میں اے ایس آئی زخمی ہوا اور حملہ آور فرار ہوگئے۔
سبی پولیس کے مطابق گرلز کالج کے سامنے پولیس اہلکار سنیپ چیکنگ کر رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔
دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس آفیسر محمد افضل زخمی ہوا جسے فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال سبی منتقل کردیا گیا جبکہ حملے کے بعد حملہ آور فرار ہوگیے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس آفیسران، ضلعی انتظامیہ ، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
علاقے کو گھیرے میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔
دوسری جانب پنجگور میں ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔
نوجوان کی شناخت امیر احمد ولد رحمدل کے نام سے ہوگئی ہے ۔جو سوردو سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان نے گلے میں پھندہ ڈال کر خود کشی کرلی۔
تاہم خودکشی کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔