بلوچستان سے دیگر صوبوں کے لیے چلنے والی ٹرینوں کو سیکورٹی خدشات کی بناء پر معطل کردیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق سیکورٹی خدشات کی بناءپر 10 اگست سے پشاور سے کوئٹہ جانے اور 11 اگست سے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو 14 اگست تک معطل کردیا گیا ہے جبکہ کراچی سے کوئٹہ آنے اور جانے والی بولان میل کو بھی 16 اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ چند روز کے دوران ریلوے ٹریک پر متعدد دھماکے ہوچکے ہیں جس کے بعد ٹرین سروس کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بلوچ عسکریت پسندوں کے حملوں کے پیش نظر گذشتہ پانچ دنوں سے بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروسز کو بند کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود آج مستونگ میں ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس سے جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مذکورہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔