مستونگ: ریلوے ٹریک پر دھماکا، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور کے لیے صبح 9 بجے روانہ ہوئی تھی کہ سپیزنڈ مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر اس وقت دھماکا ہو گیا جب جعفر ایکسپریس گزر رہی تھی۔

حکام کا بتانا ہے کہ دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔

یاد رہے چند روز قبل سبی میں بھی ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی تھی۔

رواں سال مارچ میں بلوچ لبریشن آرمی نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرکے اس میں سوار دو سو سے زائد پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو حراست میں لیا تھا۔ مذکورہ حملہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔

دوسری جانب رحیم یارخان میں بھی خان پور سٹی پھاٹک پر عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

ریلوے حکام کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی کہ خان پور میں حادثے کا شکار ہو گئی، حادثے کا شکار بوگیوں کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم روہڑی اور سمہ سٹہ سے امدادی ٹرین موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے۔

Share This Article