کیچ و گوادر سے 2 نوجوان جبری لاپتہ ، بلیدہ سے ایک شخص کی لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ اور گوادر سے پاکستانی فورسز نے 2 نوجوانوں کوحراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا جبکہ بلیدہ سے ایک شخص کی لاش برآمدہوئی ہے۔

ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں فورسز نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے ایم فل اسکالر سنجر صادق کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، سنجر صادق جو کمپیوٹر سائنس میں تحقیق کر رہے تھے، حال ہی میں گرمیوں کی تعطیلات کے لیے اپنے آبائی علاقے واپس آئے تھے۔ ان کی گرفتاری کے بعد سے اب تک نہ تو ان کے بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم کی گئی ہیں اور نہ ہی کوئی قانونی کارروائی ظاہر کی گئی ہے۔

دوسری جانب ساحلی شہر گوادر میں فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا ۔

مقامی ذرائع کے مطابق، گوادر کی ٹی ٹی سی کالونی کے رہائشی عبدالحمید ولد امام بخش کو گزشتہ روز 5 اگست کو ان کے گھر سے فورسز نے حراست میں لیا۔ جس کے بعد ان کا کوئی سراغ نہیں ملا اور نہ ہی ان کی گرفتاری کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی ہے۔

اہلخانہ نے ان کی بازیابی کا مطالبہ کیاہے ۔

علاوہ ازیں ضلع کیچ کے تحصیل بلیدہ کے علاقے مزن کور سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

لیویز کے مطابق مقتول کے ہاتھ رسی سے بندھے ہوئے تھے جبکہ گردن پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

مقتول کی شناخت نصیر احمد ولد گہرام ساکن گردانک بلیدہ کے نام سے کی گئی۔

Share This Article