بلوچ یکجہتی کمیٹی( بی وائی سی ) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مذہبی آزادی ہر شہری کا آئینی و بنیادی حق ہے، جس پر کسی بھی صورت میں قدغن عائد کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ حالیہ دنوں میں ریاستِ پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر بلوچستان کے راستے عراق جانے والے شیعہ زائرین کے زیارت کے سفر پر پابندی عائد کی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف مذہبی آزادی کو پامال کیا جا رہا ہے بلکہ ریاست اپنی بنیادی ذمہ داری، یعنی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے، سے بھی انکار کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ریاست کا فریضہ ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے محفوظ راستے فراہم کرے، نہ کہ انہیں ان کے عقائد کی بنیاد پر روکا جائے۔ اس ضمن میں شیعہ زائرین نے کراچی سے رِمدان بارڈر تک لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، جو کہ ان کا آئینی و جمہوری حق ہے۔ ہم اس لانگ مارچ کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں اور اس جمہوری آواز کی حمایت کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شیعہ زائرین کے قافلوں پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔ زائرین کو بلوچستان کے راستے ایران اور عراق جانے کے لیے مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ لانگ مارچ کو کسی قسم کی رکاوٹ یا جبر یا طاقت کے ذریعے روکنے کی کوشش نہ کی جائے۔ تمام مذہبی اقلیتوں اور فرقوں کو ان کے عقائد کے مطابق آزادی سے عبادت اور رسومات ادا کرنے کا حق دیا جائے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ہر شہری کے مذہبی، سیاسی اور جمہوری حقوق کو نام نہاد سیکیورٹی کے نام پر سلب کرنے یا ان پر قدغن عائد کرنے کے بجائے ان کا تحفظ کرے۔