بلوچستان کے علاقے قلات اور سوراب میں پاکستانی فوج کی جانب سے لشکری کشی کی اطلاعات ہیں جس میں ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قلات کے مہلبی و گردنواح لشکرکشی کی زد میں ہیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق آج بروزمنگل صبح سویرے مذکورہ علاقوں کی جانب ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھنے میں آئیں۔
اسی طرح ضلع سوراب میں منگل کی صبح سے فورسز نے ایک وسیع پیمانے پر لشکر کشی کا آغاز کیا ہے، جس میں مقامی ذرائع کے مطابق ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان بھی شامل ہیں۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علی الصبح فوجی گاڑیوں اور پیدل اہلکاروں نے سوراب کے مختلف علاقوں، بشمول کلی نور آباد، میں داخل ہو کر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ فورسز نے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو گھروں سے نکال کر مکمل تلاشی لی، جبکہ سادہ لباس میں ملبوس افراد، جنہیں مقامی طور پر ڈیتھ اسکواڈ سے منسلک سمجھا جاتا ہے، بھی آپریشن میں شریک تھے۔
تاحال حکام کی جانب سے ان کارروائیوں پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔