بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے زامران میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو رسد پہنچانے والی ٹرک کو نذرآتش کردیا جبکہ تمپ میں فوج کے نگرانی کے کیمروں کو تباہ کردیا ہے۔
زامران میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ٹرک کو اُس وقت نذرِ آتش کر دیا جب وہ پاکستانی فوج کے لیے لکڑیاں لے جا رہا تھا۔
یہ واقعہ اتوار کے روز زامران کے علاقے تگران میں پیش آیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، ٹرک فوجی چوکیوں کے لیے ایندھن کے طور پر لکڑی لے جا رہا تھا جب اسے راستے میں روکا گیا۔ اور ٹرک کو آگ لگا دی گئی۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کی تحصیل تمپ بازار میں آج بروز پیرشام تقریباً 5 بجے مسلح افراد نے فوج کی جانب سے نصب کیے گئے سی سی ٹی وی کیمروں پر فائرنگ کی اور انہیں ناکارہ بنا دیا۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوج نے عوامی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے مختلف بازاروں اور عوامی مقامات پر کیمرے نصب کیے ہیں، جنہیں بلوچ سرمچار وقتاً فوقتاً نشانہ بناتے رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ایسے کیمرے تباہ کیے جا چکے ہیں، جنہیں مقامی آبادی میں نگرانی اور خوف کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔