لکی مروت کے گاؤں سربند میں دھماکا، 5 بچے ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے گاؤں سربند میں ایک دھماکے سے 5 بچے ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔

اس دھماکے کی نوعیت کے بارے میں مختلف اطلاعات ہیں تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کو آر پی جی سیون کا ایک گولہ ملا تھا جس سے دھماکہ ہوا۔

سربند کے علاقے شیخ خیلہ میں کل رات ایک مکان پر گولہ گرنے سے بھی ایک شخص ہلاک اور دو خواتین زخمی ہو گئی تھیں۔

لکی مروت پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ سربند گاؤں میں بچوں کو ایک آر پی جی سیون کا گولہ ملا تھا جس سے وہ کھیل رہے تھے اور اس دوران دھماکہ ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ اس دھماکے سے پانچ بچے ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک تھی جنھیں بنوں ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔

ایک زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ باقی زخمی ڈسٹرکٹ ہسپتال لکی مروت میں داخل ہیں۔

لکی مروت کے مقامی رہنما اور امن جرگہ کے ممبر نصیر تراب خان نے سٹی ہسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مروت قوم کے تمام رہنما اور قائدین اس گاؤں میں جا کر حالات کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اس واقعہ کے بعد لکی مروت ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی تھی اور ہسپتال انتظامیہ نے تمام عملے کو ہسپتال میں حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔

Share This Article