بلوچستان کے ضلع خضدار کے موضع نواء کے رہائشیوں نے اپنی جدی پشتی اراضیات پرلینڈ مافیا کے غاصبانہ قبضوں اور تشدد کے خلاف پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ثاقبہ بی بی نے اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ الزام عائد کیا کہ خدارحیم ولد عطا محمد اور الہی بخش ولد فتح محمد، جو کہ اقوام کرد سے تعلق رکھتے ہیں، موضع نواء اور بالینہ کٹھان میں غریب عوام کی اراضیات پر غیر قانونی قبضے کر رہے ہیں۔
ثاقبہ نے بتایا کہ مذکورہ افراد نے طاقت کے بل بوتے پر موضع نواء کو اپنی ملکیت قرار دینے کی کوششوں میں لگے ہیں اور اب گھروں پر حملہ و تشدد پر اتر آئے ہیں مقامی شہریوں کی کھتونی شدہ اراضیات پر ناجائز مداخلت شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج 28 جولائی 2025 کو ان افراد نے ان پر حملہ کیا، انہیں اور ان کے خاندان کی خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا، اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ اس حملے میں ایک خاتون بی بی نبیلہ زخمی ہوئیں۔
ثاقبہ کے مطابق، متاثرہ اراضیات ان کے نام کھتونی شدہ ہیں اور انہوں نے تعمیرات کے لیے ڈپٹی کمشنر خضدار سے باقاعدہ این او سی بھی حاصل کیا ہے۔ تاہم، لینڈ مافیا گروہ کسی بھی دستاویزی ثبوت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موضع نواء میں ہمارے خاندان نے یہ اراضیات قانونی طور پر خریدی تھیں۔ اب مذکورہ افراد اپنی قبائلی شناخت کا ناجائز فائدہ اٹھا کر اراضیات پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ متاثرین نے پرامن قبیلے سے تعلق رکھنے کے باوجود خونریزی سے بچنے کے لیئے قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے آج کے حملے کے حوالے سے تھانہ صدر خضدار میں درخواست دی، لیکن مبینہ اثر و رسوخ کی وجہ سے کوئی اب تک خاطر خواہ کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ ہماری جانب سے اس سے قبل بھی ضلعی انتظامیہ اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو درخواست دی گئی تھی، لیکن ملزمان نے جوابدہی سے گریز کیا۔
پریس کانفرنس کے ذریعے متاثرین نے ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ پولیس خضدار، اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ لینڈ مافیا کی سرکوبی کے لیئے ٹھوس اقدامات کریں، متاثرین کو تحفظ فراہم کریں، اور قانون و انصاف کو یقینی بنائیں۔
پریس کانفرنس میں محمد یعقوب موسیانی، خدا بخش موسیانی، شاہ محمد موسیانی، شاہ زیب موسیانی، محمد اعظم موسیانی، اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔