بلوچ ویمن فورم کے آرگنائزر ڈاکٹر شلی بلوچ گوادر سے گرفتار

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ ویمن فورم کے آرگنائزر ڈاکٹر شلی بلوچ کو ساتھوں سمیت گوادر کے علاقے سربندن سے گرفتار کر لیاگیا ہے۔

بلوچ ویمن فورم نے ڈاکٹر شلی بلوچ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ایک روزہ کانفرنس کی تیاری کے لیے پُرامن مہم چلا رہے تھے اور ہر موقع پر پُرامن رہے ہیں۔ لیکن انتظامیہ نے ہمارے ساتھیوں کو حراست میں لے لیا۔ ایسے اقدامات ضلعی انتظامیہ (پولیس ڈیپارٹمنٹ) کے اختیارات کے ناجائز استعمال کے مترادف ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ “ہم ڈاکٹر شلی بلوچ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں اور ہماری ٹیم کے دیگر اراکین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

پولیس نے بلوچ وومن فورم کی سربراہ ڈاکٹر شلی بلوچ کو ان کی ساتھیوں سمیت گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گرفتاری ریاست مخالف پمفلٹ تقسیم کرنے اور وال چاکنگ کے الزامات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔

ایس ایس پی گوادر ضیاء اللہ مندوخیل کے مطابق، گرفتار خواتین اس وقت ویمن پولیس اسٹیشن میں زیر حراست ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد کی روشنی میں معاملے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔

ڈاکٹر شلی بلوچ ایک معروف سماجی و سیاسی کارکن ہیں، جو خاص طور پر بلوچ خواتین کے حقوق، تعلیم اور جبری گمشدگیوں جیسے حساس موضوعات پر آواز بلند کرتی رہی ہیں۔ وہ خواتین کو سیاست میں فعال کردار دینے کی وکالت بھی کرتی ہیں۔

ان کی تنظیم، بلوچ وومن فورم، خواتین کی قیادت میں کام کرنے والی ایسی تنظیم ہے جو بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں خواتین کے لیے آگاہی، تعلیم اور انصاف کی فراہمی کے لیے سرگرم ہے۔

Share This Article