بلوچستان میں مختلف حادثات وواقعات میں 5 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
The dead man's body. Focus on hand

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گذشتہ روزپیش آنے والے مختلف حادثات وواقعات میں مجموعی طور پر 2 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

قلات میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر بینچہ کے مقام پر ٹویوٹا ٹوڈی اور انڈس کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر جعفرآباد کے مرکزی شہر ڈیرہ اللہ یار میں بجلی کے کرنٹ لگنے کے دو مختلف واقعات پیش آئے جن میں ایک 22 سالہ نوجوان اور ایک 4 سالہ بچہ جان کی بازی ہارگئے ہیں۔

پہلا واقعہ بھٹی محلہ میں پیش آیا جہاں 22 سالہ امجد پٹھان گھر کی چھت پر بجلی کا تار لگا رہا تھا کہ اچانک بجلی آنے سے اسے شدید جھٹکا لگا اور وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔

دوسرا واقعہ جتوئی کالونی میں پیش آیا جہاں 4 سالہ بچہ بگن جتوئی گھر میں کھیلتے ہوئے بجلی کی ننگی تار کو چھو بیٹھا، جس کے باعث وہ جھلس گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

دریں اثنا 4 روز قبل سریاب روڈ چکی شاہوانی کے علاقے میں گھر کے صحن میں کھیلتی ہوئی کمسن بچی بی بی مومنہ اندھی گولی کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہوگئی تھی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اگلے روز ٹراما سینٹر میں دم توڑ گئی ہے۔

Share This Article