بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ کوئٹہ سے ایک نعش برآمدہوئی ہے۔
ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے حبیب راہی میں دو گروپوں میں مسلح تصادم سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت شاندار صوبھازئی کے نام سے ہوگئی ہے۔
مسلح تصادم کوپرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایاجارہا ہے۔
پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکرہسپتال منتقل کیا جہاں مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے مغربی بائی پاس ہزارہ ٹاؤن کراس پل کے قریب سے برآمد ہونے والی بوری بند لاش کی شناخت ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق بروری تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے 27 سالہ نوجوان کو فائرنگ کے بعد ذبح کر کے لاش بوری میں بند کی اور پل کے نیچے پھینک کر فرار ہو گئے۔
لاش کو سول ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں بدھ کے روز ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی علی خان ولد ایوب خان نے لاش کی شناخت اپنے بھائی مرزا حسین ہزارہ کے طور پر کی۔
ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔