بلوچستان کے علاقے پنجگور میں مسلح افراد نے ایک دکاندار کو اغوا کرلیاجبکہ کوئٹہ اور گوادر سے ملحقہ ایرانی سرحد پر 2 نعشیں برآمدہوئی ہیں۔
پنجگور کے علاقے چتکان پرانا تربت روڈ سے دکاندار کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔
تاجران کمیٹی کے صدر فرید نواز کے مطابق محمد شریف ولد شمس الدین سکنہ پنچی کو مسلح افراد نے اس وقت اغوا کرلیا جب وہ گاڑی میں اپنے بیٹے کے ہمراہ بازار آرہے تھے۔
نامعلوم مسلح افراد نے محمد شریف کو اغوا کرنے کے بعد گاڑی اور بیٹے کو چھوڑ دیا، تاہم محمد شریف کو ساتھ لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے واقعہ سے متعلق پولیس کو اطلاع کردی ہے اگر محمد شریف فوری طور بازیاب نہیں ہوا تو تاجران کمیٹی بھرپور احتجاج کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں جہاں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے ہم محمد شریف کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر ایک نامعلوم شخص کی بوری بند لاش برآمدہوئی ہے۔
کوئٹہ پولیس نے ایک نامعلوم شخص کی لاش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچا دی۔
پولیس کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر واقع پل کے نیچے سے پولیس نے ایک نامعلوم شخص کی بوری بند لاش قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد شناخت کیلئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دی اورمقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔
دریں اثناگوادر سے ملحقہ ایرانی سرحدی علاقے ریمدان میں ایک شخص کی کئی ماہ پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق متوفی ایک ملنگ طرز کے شخص کے طور پر جانا جاتا تھا، جسے آخری مرتبہ اسی علاقے میں دیکھا گیا تھا۔
لاش پر موجود کپڑے اور جوتے اس شخص کے زیرِ استعمال لباس سے مشابہت رکھتے ہیں، جس کے باعث شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ لاش اسی شخص کی ہو سکتی ہے۔
شناخت کی حتمی تصدیق متعلقہ حکام کی جانب سے تفتیش کے بعد متوقع ہے۔