گوادر، پسنی ،حب وناصرآباد سے فورسز ہاتھوں 2 بھائیوں سمیت 7 نوجوان جبری لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ساحلی علاقوں گوادر ،پسنی،حب اور ضلع کیچ کے علاقے ناصر آبادسے پاکستانی فورسز نے 2 بھائیوں سمیت 7نوجوانوں کو حراست میں لیکر جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا۔

گوادر میں فورسز نے ریاست اور صداقت ولد حاجی ایوب نامی دو نوجوان بھائیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں بھائی ایک مقامی دکان میں موجود تھے جنہیں فورسز زبردستی گاڑی میں ڈال کر اپنے ساتھ لے گئے ۔

واقعے کے بعد نہ تو ان کی گرفتاری ظاہر کی گئی اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی ہے۔

اسی طرح گوادر کے علاقے جیونی سے سید محمد شاہو نامی نوجوان کو چار روز قبل ایک بار پھر فورسز نے حراست میں لیا ہے، جس کے بعد وہ بھی لاپتہ ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق، انہیں پہلے بھی حراست میں لیا گیا تھا اور کئی دن جبری گمشدگی کے بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب پسنی میں گزشتہ شب چار بجے کے قریب وارڈ نمبر 4 سے فورسز نے سراج ولد اسلم نامی ایک طالب علم کو گھر سے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔

لاپتہ نوجوان کے اہلِ خانہ نے اس کی بازیابی کی اپیل کی ہے۔

دریں اثناضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد میں ایک مقامی نوجوان شعیب ولد عبد المجید کو موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔

جس کے بعد اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

علاوہ ازیں حب چوکی سے 4 جولائی کو فورسز نے مشکے تعلق رکھنے والے 2 نوجوانوں کو ان کے گھروں سے چھاپہ مارکر حراست میں لیکر جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا۔

جبری لاپتہ کئے گئے نوجوانوں کی شناخت لیاقت ولد غلام مصطفیٰ اور عمر ولد عطا بلوچ کے ناموں سے ہوگئی ہے ۔

Share This Article