انڈیا کی ریاست تلنگانا میں پیر کو ایک دواؤں کی فیکٹری میں لگنے والی آگ لگنے کے سبب اموات کی تعداد 34 ہو گئی ہے۔
نیوز ایجنسیوں کے مطابق یہ آگ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کے قریب سیگاچی انڈسٹریز کے ایک یونٹ میں دھماکے کے بعد لگی تھی۔
حیدرآباد میں ایک سینیئر پولیس افسر پاریتوش پنکج نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ملبے سے 31 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ تین افراد دورانِ علاج ہسپتال میں ہلاک ہوئے ہیں۔‘
پولیس نے ہلاک ہونے والے ایک شخص کے بیٹے کی مدعیت میں سیگاچی انڈسٹریز کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
دوسری جانب کمپنی نے 90 روز کے لیے اپنے آپریشنز کو بند کر دیا ہے۔
سیگاچی انڈسٹریز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بدقسمتی سے اس واقعے میں انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔‘
حکام کا کہنا ہے جس وقت دھماکے کے باعث عمارت گرِی اس وقت وہاں تقریباً 60 افراد موجود تھے۔
وہاں موجود بہت سارے ملازمین کا تعلق جھاڑکنڈ، اوڈیشہ، بہار، اُتر پردیش اور مغربی بنگال سے تھا۔