بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد اور کوئٹہ میں فائرنگ سے بچی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ قلعہ عبداللہ سے ایک نعش برآمدہوئی ہے۔
اوستہ محمد میں جان کالونی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے چنیسر خان ہجوانی نامی شخص ہلاک ہوگیا۔
سٹی پولیس تھانہ اوستہ محمد کی حدود میں جان کالونی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے چنیسر ہجوانی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو سول ہسپتال پہنچا جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
قتل کی وجہ قبائلی دشمنی بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں ہزار گنجی جتک مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
مقتول کا نام مقبول احمد ولد نواب خان قوم قلندرانی سکنہ مچھ بتایا جاتا ہے۔
لاش کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔
دریں اثنا کوئٹہ چالو باوڑی میں ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی سے زخمی ہونے والی 7 سالہ بچی کراچی میں دوران علاج دم توڑ گئی۔
گزشتہ جمعہ کی شب چالو بائوڑی کے علاقے میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے دوران ایک اندھی گولی 7 سالہ معصوم بچی کو جا لگی۔
زخمی بچی کو فوری طور پر کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم تشویشناک حالت کے پیش نظر تین دن بعد اسے علاج کے لیے کراچی لے جایا گیا۔
افسوسناک طور پر بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کراچی میں دم توڑ گئی۔
علاوہ ازیں قلعہ عبداللہ، کلی میزئی سے نعش برآمد ہوئی ہے۔
نعش کی شناخت لال محمد استاد کے بھائی کے طور پر ہوئی ہے۔
لیویز ذرائع کے مطابق قلعہ عبداللہ میں افغان مہاجر کی لاش کمرے سے ملی، مقتول کو سر میں گولی ماری گئی۔
قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، انتظامیہ نے تفتیش شروع کردی۔