سوراب میں فوج کی عام آبادی اور مسجد پر بمباری کے خلاف مکمل شٹ ڈاؤن، آر سی ڈی شاہراہ بلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے سوراب کے علاقے نغار میں پاکستانی فوج کی جانب سے ڈرون حملوں اور فضائی بمباری کے نتیجے میں ایک مسجد اور مقامی آبادی کے متعدد رہائشی مکانات شدید متاثر ہوئے ہیں۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ شب پاکستانی فورسز نے نغار، سوراب کے عام آبادی والے علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید بمباری کی اور ڈرون اسٹرائیکس کیے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں مذہبی مقدس مقام یعنی مسجد کے علاوہ اپنے گھروں میں سوئے ہوئے نہتے شہریوں کے مکانات تباہ ہو گئے۔

بی وائی سی نے اس کارروائی کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عوامی سلامتی، وقار اور جینے کے بنیادی حق پر کھلم کھلا حملہ اور ریاست کا بزدلانہ تشدد و دہشت گردی قرار دیا ہے۔

واقعے کے خلاف مقامی آبادی میں شدید غصہ اور اشتعال پھیل گیا ہے۔ نغار اور سوراب کے عوام نے فورسز کی اس بربریت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سوراب بازار میں مکمل شٹ ڈاؤن ہڑتال کی ہے اور نغار کے مقام پر اہم آر سی ڈی شاہراہ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بلاک کر دیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ مقدس مقامات، مساجد اور معصوم شہریوں کی روزمرہ زندگی کو تباہ کرنے کی ریاستی پالیسی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اس سنگین صورتحال پر فوری ایکشن لینے اور اس بربریت میں ملوث عناصر کے محاسبے کا مطالبہ کیا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article