بلوچستان کے جھل مگسی کے علاقے نفور میں مسلح افراد اور مگسی امن فورس کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں ۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپوں اور فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا ہےاور دونوں جانب بھاری ہتھیاروں کا استعمال ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق جھل مگسی کے علاقے نفور سارگانی ڈیم کے مقام پر گزشتہ شب مسلح افراد اور مگسی امن فورس کے درمیان شدید فائرنگ و جھڑپیں ہوئی ہیں ۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ دونوں جانب بھاری ہتھیاروں کا استعمال ہوا تاہم امن فورس نے بڑی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوے مسلح افراد کا حملہ پسا کردیااور مسلح افراد رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ امن فورس نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی فوج اور مقامی قبائلی سرداروں نے بلوچ آزادی پسندوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جرگے کا انعقاد کیا تھا، جس میں قبائلیوں پر مشتمل "امن فورس” کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ بلوچ آزادی پسندوں کے مہلک حملوں کے باعث پاکستانی فوج کو شدید جانی نقصان کا سامنا ہے، جس کے بعد فوج مکمل طور پر دفاعی پوزیشن میں چلی گئی ہے۔ فورسز اب مقامی لوگوں کو آزادی پسندوں کے خلاف استعمال کرنے کے لیے ماضی کی طرح نئے منصوبے بنا رہی ہے تاکہ بلوچوں کو باہم دست و گریبان کیا جا سکے۔