بلوچستان کے علاقے نوشکی اور کیچ (تربت) میں مسلح افراد کے مختلف حملوں اور پرتشدد واقعات کے نتیجے میں ڈیتھ اسکواڈ کے ایک رکن سمیت 2 افراد ہلاک، ایک زخمی اور ایک ٹرک نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔
نوشکی کے علاقے قادر آباد بائی پاس کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں شاہ خالد سکنہ قاضی آباد موقع پر ہلاک جبکہ عبدالرؤف بڑیچ زخمی ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا شاہ خالد حکومتی حمایت یافتہ عسکری گروہ، جسے مقامی حلقوں میں "ڈیتھ اسکواڈ” کے نام سے جانا جاتا ہے، کا فعال رکن تھا۔
واقعے کے محرکات سامنے نہیں آ سکے اور نہ ہی کسی تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ادھرضلع کیچ میں دشت کھڈان کے علاقے ڈنڈار مچی سول سے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت خالد ولد پیر محمد سکنہ کپکپار، دشت کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس نے لاش کو ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا جہاں معائنے کے دوران مقتول کے سینے اور پشت پر متعدد گولیوں کے نشانات پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق خالد کو تقریباً دو ہفتے قبل نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کر کے لاپتہ کر دیا تھا۔
دوسری جانب ضلع کیچ میں ناصر آباد کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے سیمنٹ سے لدے ایک ٹرک پر فائرنگ کر کے اس کے ٹائر برسٹ کر دیے اور بعد ازاں اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
مسلح افراد نے ڈرائیور فرہاد ولد الٰہی بخش (سکنہ دشت) کو بغیر کسی نقصان کے چھوڑ دیا۔
واقعے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔