جیکب آباد کے 3 نوجوان بلوچستان سے لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے جیکب آباد کے 3 نوجوان کوئٹہ جاتے ہوئے بلوچستان میں لاپتہ ہوگئے۔

جیکب آباد کے نواحی گائوں سکندر آباد کے رہائشی سابق یوسی ناظم عاطف خان کھوسو کے 2 بیٹے حیدر علی، محمد یوشا کھوسو اور ضلع کونسل کے رکن شہاب کھوسو کا بیٹا سلمان کھوسو کوئٹہ جاتے ہوئے بلوچستان کے علاقے بختیار آباد سے مبینہ طور پر گاڑی سمیت اغوا ہوگئے۔

نوجوانوں کے موبائل فون بند ملنے پر ورثا پریشان، کھوسہ برادری کے سینکڑوں افراد بختیار آباد پہنچے۔

بتایا جارہا ہے کہ موبائل فونز کی آخری لوکیشن نوتال کے علاقے میں ٹریس ہوئی جس کے بعد موبائل فونز بند ہوگئے۔

اس سلسلے میں ضلع کونسل کے رکن شہاب کھوسو نے بیٹے سمیت بھتیجوں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز بیٹے سمیت بھتیجے گاڑی پر کوئٹہ جارہے تھے بختیار آباد کے علاقے میں پہنچے تو ان سے رابطہ ہوا جس کے بعد ان کے نمبرز بند ہوگئے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں شبہ ہے کہ نوجوانوں کو اغوا کیا گیا ہے، جیکب آباد کے 3 نوجوانوں کے اغوا کی اطلاع کے باوجود بلوچستان پولیس مغویوں کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے تاہم مغوی نوجوانوں کے ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔

Share This Article