نوشکی و گنداواہ میں بم دھماکا و فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، زہری میں ڈپٹی چیئرمین کے گھر پر بم حملہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع نوشکی اور گنداواہ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکا اور فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ زہری میں ڈپٹی چیئرمین کے گھر پر دستی بم حملہ ہوا ہے۔

جھل مگسی کے علاقے گنداواہ میں سڑک پر نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کو گنداواہ کے علاقے اللہ آباد کالونی کے قریب نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائم بم نصب کررکھاتھا جو زوردھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نصان نہیں ہوا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ،بم ڈسپوزل اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی۔

دوسری جانب زہری میں نامعلوم افراد نے پیپلز پارٹی کے رہنما و ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری کے گھر پردستی بموں سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

گزشتہ شب نامعلوم افراد نے زہری چشمہ میں پیپلز پارٹی کے رہنما، ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا اور شدید فائرنگ کی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کہا جارہا ہے کہ جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی صلاح الدین زہری گھر پر موجود نہیں تھے۔

دریں ثنا نوشکی کے علاقے غریب آباد میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حاجی کریم شاہ محمد حسنی ولد نور محمد محمد حسنی، عمر تقریباً 55 تا 60 سال ہے آج صبح تقریباً 5 بجے نماز کے لیے گھر سے مسجد جا رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اُن پر فائرنگ کردی۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور جدید خودکار ہتھیار (9 ایم ایم پستول) سے لیس تھے۔

مقتول کو پانچ گولیاں لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ابتدائی طور پر قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

مزید تفتیش نوشکی پولیس کررہی ہے ۔

Share This Article