بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں مستونگ اور قلات حملوں میں پاکستانی فوج کے 6 اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے مستونگ اور قلات میں دو مختلف حملوں میں قابض فوج کو نشانہ بنا کر بھاری نقصانات پہنچائے۔ ان کارروائیوں میں ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی اور براہ راست مسلح حملے شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے گزشتہ شب مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں مَرو کنڈ کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے قافلے کو اس وقت گھات لگا کر نشانہ بنایا جب وہ جارحیت کی غرض سے علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کر رہا تھا۔ سرمچاروں نے خودکار ہتھیاروں سے حملہ کر کے قابض فوج کے تین اہلکار موقع پر ہلاک کر دیے اور متعدد کو زخمی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے قلات کے علاقے جوہان میں مکی کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی حملے میں نشانہ بنایا جب وہ کلیئرنس میں مصروف تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں قابض فوج کے مزید تین اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچ لبریشن آرمی ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔