بلوچ نیشنل موومنٹ کے محکمہ انسانی حقوق "پانک” نے عبد الواحد ولد صوالی کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس سفاکانہ عمل کا ذمہ دار پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کو قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عبد الواحد سُوالی، جو حال ہی میں دبئی سے واپس آیا تھا، کو 2 جون کو تربت کے سول اسپتال سے پاکستانی ریاستی پشت پناہی میں کام کرنے والے ڈیتھ اسکواڈ اور ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے اہلکاروں نے اغوا کیا۔
تنظیم کے مطابق، عبد الواحد پر دورانِ حراست بدترین تشدد کیا گیا۔ اسے زندہ حالت میں اذیت دے کر اس کے ہاتھ پاؤں کاٹے گئے اور بعد ازاں اسے قتل کر کے کیچ ضلع کے علاقے بانک ِ چڈائی کے قریب پھینک دیا گیا۔
پانک نے اس سفاک واقعے کو انسانیت سوز اور ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری نوٹس لینے اور پاکستان کے خلاف اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
پانک کا کہنا ہے کہ بلوچ نوجوانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ مظالم ریاستی سطح پر جاری نسل کشی کی مہم کا حصہ ہیں۔