پنجاب کا دفاع مضبوط بنانے کیلئے بلوچستان کو ایٹمی دھماکوں کے تابکاری سے آلود کیا گیا،رحیم بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بی این ایم رہنما رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے دہائیوں عالمی برادری کے ساتھ جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی کے بعد 27 سال قبل 28 مئی 1998 کے دن مقبوضہ بلوچستان کے عظیم پہاڑ راسکوہ میں 5 ایٹمی دھماکے کرکے بلوچستان، بالخصوص چاغی، دالبندین، خاران، نوشکی اور گردو نواح کی فضاء اور زیر زمین پانیوں کو ایٹمی تابکاری سے شدید آلودہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجابی اشرافیہ کی طرف سے یہ آنے والی صدیوں تک بلوچ نسل کشی کی مستقل بنیاد رکھنے کا ایک سفاکانہ عمل تھا۔ یہ اس خطہ کے بلوچوں کی آئندہ نسلوں کو صدیوں تک پیدائشی طور پر ایٹمی تابکاری سے معذور اور بیمار پیدا ہونے کا بندوبست تھا۔

رحیم بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کی پنجابی اشرافیہ نے یہ انسانیت کش اقدام ہندوستان سے پنجاب کی دفاع کو مضبوط بنانے کے نام پر سرانجام دیا۔ پنجاب کا دفاع مضبوط بنانے کیلئے مقبوضہ بلوچستان کی زمین اور فضاء کو ایٹمی تابکاری سے آلودہ کردیا گیا جو فاشسٹ پنجابی اشرافیہ کی بلوچ دشمنی اور نوآبادیاتی ذہنیت اور پالیسیوں کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجابی استعمار نے ہندوستان سے نفرت اور دشمنی میں چاغی سے لے کر بغلچُر، کوہ سلیمان تک بلوچستان کو ایٹمی تابکاری سے شدید آلودہ کردیا ہے۔ پنجابی اشرافیہ کے ہاتھوں مزید تباہی سے بچنے کیلئے بلوچ قوم کے پاس پاکستان سے آزادی کے سوا محفوظ اور با وقار مستقبل کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ 

Share This Article