بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے ناصر آباد میں ایک گھر پر دستی بم حملے سے خواتین اور بچے زخمی ہوگئے ۔جبکہ مشکے سے پاکستانی فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لیکر جبری طور پرلاپتہ کردیا۔
تربت سے اطلاعات ہیں کہ ناصر آ باد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا جو گھر کے اندرگر کر پھٹ گیا۔
بم پھٹنے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے ۔
زخمیوں میں معیار ولد قاسم، عائشہ بنت شبیر، فاطمہ بنت شبیر اور شہزاد ولد شبیر سکنہ ناصر آ باد شامل ہیں۔
واقعہ کے محرکات معلوم نہ ہوسکے۔
دوسری جانب ضلع آواران کے علاقے مشکے سے فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا ہے۔
لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت شاہنواز ولد برفی کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے شاہنواز کو ان کے والد اور دیگر افراد سمیت کیمپ میں طلب کیا تھا۔ بعد ازاں دیگر تمام افراد کو چھوڑ دیا گیا، تاہم شاہنواز کو حراست میں لے لیا گیا، جس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔