بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انسداد پولیو مہم کے دوران یو سی موبی کلی تیری میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز فورس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
پولیو ٹیم پر حملےکے بعد ضلع میں پولیو مہم غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب پولیو مہم پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔
حملے میں لیویز اہلکار نیک محمد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا اہلکار مقصود احمد شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔