یونیورسٹی آف گوادر میں بلوچی زبان و ادب کے معروف ادیب و شاعر ، ماہرِ لسانیات اور بلوچی زبان کے پہلے لغت "سید گنج” کے خالق سید ظہور شاہ ہاشمی کی 99ویں سالگرہ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
اس پُروقار تقریب میں ان کی گراں قدر علمی، ادبی اور ثقافتی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عبدالرزاق صابر تھے، جبکہ دیگر اعزازی مہمان خصوصی میں بلوچستان یونیورسٹی کے ادیب و پروفیسر ڈاکٹر اے آر داد رہے، جبکہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلباء و طالبات شامل تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر عبدالرزاق صابر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید ہاشمی کا علمی و فکری اثاثہ نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی تحریریں آج بھی خود شناسی، شعور اور تہذیبی بیداری کا ذریعہ ہیں۔ ہم آج ان کی 99ویں سالگرہ عقیدت کے ساتھ منا رہے ہیں اور ان شاءاللّٰہ ان کی صدی تقریبات شایانِ شان طریقے سے منائی جائیں گی۔
تقریب کے دوران سید ہاشمی کی منتخب نظمیں اور نثری اقتباسات پیش کیئے گئے، جنہوں نے حاضرین کو علمی و ادبی محفل میں محو کر دیا۔
اختتامی نشست میں پروفیسر ڈاکٹر اے آر داد اور ڈاکٹر رحیم بخش مہر کے درمیان سید ہاشمی کی شخصیت و خدمات پر ایک علمی مذاکرہ ہوا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے پروفیسر ڈاکٹر اے آر داد کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔