بلوچستان کے علاقے دکی میں سی ٹی ڈی کے فیک انکائونٹر میں قتل ہونے والے ایک اور لاش کی شناخت لاپتہ شخص کے طور پر ہوگئی ہے۔
گذشتہ دنوں 19 اپریل کو پاکستانی فورسز، کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ نے بلوچستان کے علاقے دکی میں ایک مبینہ مقابلے میں پانچ افراد کو قتل کرتے ہوئے ان پر بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں سے تعلق کا الزام عائد کیا تھا۔
اس دوران کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ نے پانچوں افراد کو مقابلے میں ہلاک کرنے اور اسلحہ برآمدگی کا دعویٰ کیا تھا تاہم ان میں سے ابتک تین افراد کی شناخت ہو پائی ہے جو پہلے ہی پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار تھے۔
اطلاعات کے مطابق دکی میں قتل کئے گئے تیسرے لاش کی شناخت ان کے لواحقین نے کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ لاش عبدالنبی مری کی ہے جسے دو ماہ قبل فورسز نے ان کے بھائی اور والد سمیت حراست میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔
اہل خانہ کے مطابق تینوں باپ بیٹے تب سے فورسز کی تحویل میں تھے، عبدالنبی کی لاش برآمد ہوگئی ہے تاہم ان کے والد اور بھائی تاحال منظر عام پر نہیں آسکے ہیں۔
دکی سے برآمد ہونے والی پانچویں لاشوں میں سے دو کی شناخت اس سے قبل ان کے لواحقین نے کردی ہے جن میں محمد دین مری اور اعجاز ولد خدابخش شامل تھے۔