ادارہ سنگر نے اپنی اردو ویب سائٹ میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے انگریزی، فارسی اور عربی زبانوں کا اضافہ کر دیا ہے۔اور یہ اضافہ مین اردو ویب سائٹ کے ہیڈر میں موجود آپشن کی صورت میں دیا گیا ہے، جس پر کلک کرکے پوری ویب سائٹ کے مواد کو مذکورہ زبانوں میں پڑھا جا سکتا ہے۔
ادارہ سنگر کے مطابق اب قارئین بلوچستان کی خبریں، رپورٹس اور تجزیے اپنی پسند کی زبان میں پڑھ سکیں گے، جس کا مقصد بلوچستان کی صورتحال کو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ نئی زبانوں کا اضافہ محض تکنیکی توسیع نہیں بلکہ ایک اداراتی ضرورت ہے، کیونکہ بلوچستان میں صحافیوں پر پابندیاں، اخبارات کی بندش، انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹنگ پر قدغن کے باعث زمینی حقائق دنیا تک نہیں پہنچ پاتے۔ ایسے حالات میں ادارہ سنگر نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان کی آواز کو براہِ راست عالمی برادری تک پہنچایا جائے تاکہ انسانی حقوق کی صورتحال، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور فوجی کارروائیوں سے متعلق حقائق دب نہ سکیں۔
ادارے کے مطابق سنگر نیوز اپنی میڈیا پالیسی میں سچائی، شفافیت اور غیر جانب دارانہ رپورٹنگ کو بنیادی اصول سمجھتا ہے۔ ریاستی بیانیے کے برعکس، سنگر مقامی ذرائع، متاثرہ خاندانوں اور عینی شاہدین کی آواز کو ترجیح دیتا ہے اور بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مسلسل اجاگر کرتا ہے۔ میڈیا بلیک آؤٹ کے باوجود سنگر نیوز خفیہ ذرائع، مقامی نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے معلومات تک رسائی برقرار رکھے ہوئے ہے، جس سے بلوچستان کے حالات پر پردہ ڈالنے کی کوششیں ناکام ہوتی ہیں۔
ادارہ سنگر کا بنیادی مقصد بلوچستان میں ریاستی جبر کو بے نقاب کرنا، عالمی برادری تک حقائق پہنچانا اور بلوچ شناخت، زبان اور ثقافت کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
ادارے کے مطابق انگریزی زبان عالمی میڈیا اور انسانی حقوق تنظیموں تک رسائی کے لیے ضروری ہے، فارسی زبان ایران کے بلوچ علاقوں تک مؤثر رسائی فراہم کرے گی، جبکہ عربی زبان خلیجی ممالک میں موجود بڑی بلوچ آبادی اور عرب دنیا میں بلوچستان کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں مدد دے گی۔
ادارہ سنگر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی آواز کو دبانا ممکن نہیں، اور اگر ایک دروازہ بند کیا جائے تو وہ کئی نئے دروازے کھولنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نئی زبانوں کا اضافہ اسی جدوجہد کا حصہ ہے، جس کے ذریعے ادارہ سنگر دنیا بھر میں بلوچستان کی حقیقت کو زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔