کراچی ، کوئٹہ و کیچ سے 2 افراد جبری لاپتہ ، 4 بازیاب ہوگئے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستانی فورسز نے کراچی اور کیچ سے 2 افراد جبری طور پر لاپتہ کردیئے جبکہ کوئٹہ سے 4 جبری لاپتہ افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

کراچی کے علاقے لیاری میں فورسز اور خفیہ اداروں نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔

جبری لاپتہ کیے گئے نوجوان کی شناخت درویش کے نام سے ہوئی ہے جو لیاری کے علاقے کلری کا رہائشی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق درویش کو جمعہ کے صبح تقریباً چار بجے ان کے گھر سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جس کے بعد اس کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔

اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے گیبن سے فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے ۔

لاپتہ کئے گئے نوجوان کی شناخت زہیر بلوچ کے نام سے ہوگئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق زہیر بلوچ کو 16 اپریل کو فورسز نے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایاتھا۔

دوسری جانب کوئٹہ سے 4 لاپتہ افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔

بازیاب ہونے والوں کی شناخت بلال بلوچ، اصغر قمبرانی، ضیاءالرحمان قمبرانی اور فضل الرحمان قمبرانی کے ناموں سے ہوگئی ہے۔

خاندانی ذرائع نے ان کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی واپسی پر شکر ادا کیا ہے، تاہم اسی خاندان سے تعلق رکھنے والے دیگر نوجوان، ناصر قمبرانی، جواد قمبرانی، شہداد قمبرانی اور جہانزیب قمبرانی تاحال لاپتہ ہیں۔

متاثرہ خاندان نے حکام سے اپیل کی ہے کہ دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

بازیاب افراد کی واپسی پر لواحقین کا کہنا ہے کہ یہ دعاؤں اور مسلسل آواز بلند کرنے کا نتیجہ ہے تاہم دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بھی فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

Share This Article