کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک پریس ریلیز میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر، بلاک 7، مین یونیورسٹی روڈ کے قریب ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے کے شبہے میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت رحیم افضل ولد افضل محمود اور بالاچ بلوچ ولد رسول بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ملزمان بی ایل اے کے ایک کمانڈر کے رابطے میں تھے اور کراچی میں آئی ای ڈی (IED) اور ہینڈ گرینیڈ کے ذریعے حساس تنصیبات و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
محکمے نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ یہ افراد بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور انہوں نے افغانستان سے ہتھیاروں کی تربیت حاصل کی ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے عائد کیے گئے ان تمام الزامات، بی ایل اے سے ان کے مبینہ تعلق اور گرفتاری سے متعلق دعوئوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔