کوئٹہ: حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے کے الزام میں پولیس افسران و اہلکار برطرف

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں ڈی آئی جی کوئٹہ نے حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے کے الزام میں کارروائی کرکے کئی پولیس افیسران اور اہلکاروں کو نوکریوں سے برطرف کردیا ہے۔

اس سلسلے میں اطلاعات ہیں کہ ایس ایچ او کچلاک اور ایس ایچ او سول لائن نوکری سے برطرف کردیے گئے۔

اسی طرح کچلاک تھانے کے دونوں پولیس موبائلز کے انچارج اور ہیڈ محرر عملے سمیت نوکری سے برطرف کردیے گئے۔

جبکہ کوئٹہ سول لائن تھانے کے سیکنڈ پولیس موبائل کا انچارج کوبھی نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے ۔

ڈی آئی جی نے ایس ایس پی کوئٹہ کو دونوں پولیس تھانوں کے ایس پی اور ڈی ایس پیز کیخلاف آئی جی پولیس کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

عملے کی جانب سے بلٹ پروف جیکٹ نہ پہننے اور حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے پر کارروائی کی گئی۔

کوئٹہ شہر کے تمام تھانوں کے عملے کو بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ پہن کر گشت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز گورایہ کا کہنا تھا کہ پولیس کا عملہ جب خود محفوظ نہیں ہوگا تو شہریوں کے حفاظت کیسے کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنیوالے پولیس افیسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں بلوچ عسکریت پسندوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے پیش نظر پولیس ، لیویز سمیت ایف سی اور دیگر فورسز کے سپاہی موت کے خوف سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے سے پس و پیش سے کام لیتے ہیں۔

Share This Article