ڈومینیکن ریپبلک کے دارالحکومت سینٹو ڈومنگو میں نائٹ کلب کی چھت گرنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 184 تک جا پہنچی ہے تاہم 150 سے زائد افراد اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔
مرنے والوں میں ایک صوبائی گورنر اور سابق میجر لیگ بیس بال کے کھلاڑی اوکٹیو ڈوٹیل بھی شامل ہیں۔ 51 سالہ ڈوٹیل ملبے سے نکالے جانے کے بعد ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔
حادثے کے وقت سینکڑوں لوگ کلب میں موجود تھے۔ تقریباً 400 امدادی کارکن اب بھی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
اس حادثے کے بعد سے اب تک تو کسی کو بھی ملبے سے زندہ نہیں نکالا جا سکا ہے تاہم امدادی کارروائیوں میں مصروف اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ’ملبے میں اب بھی زندہ بچ جانے والوں تک پہنچا جا سکتا ہے۔‘
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ڈائریکٹر خوان مینوئل مینڈیز کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی چیز سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ہم یہاں ملبے کے ایک ایک انچ پر جانے کی کوشش میں ہیں تاکہ اس آفت میں پھنسے ہوئے لوگوں کے اہل خانہ کوئی اچھی خبر دی جا سکے۔‘
یہ واقعہ منگل کے روز جیٹ سیٹ نائٹ کلب میں مقبول گلوکار روبی پیریز کے کنسرٹ کے دوران پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے روبی پیریز بھی ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ڈومینیکن ریپبلک کے صدر لوئس ابینادر نے اس حادثے پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔