بلوچستان میں چار اضلاع کی حدود میں چار اہم قومی شاہراہوں پر سفر پر جزوی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
اس سلسلے میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشنز کے مطابق یہ پابندی ہر قسم کی پبلک اینڈ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر تاحکم ثانی عائد رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر گوادر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع میں ساحلی شاہراہ پر شام پانچ بجے سے صبح پانچ بجے تک گاڑیوں کی سفر پر پابندی ہوگی۔
ضلع موسیٰ خیل کی حدود میں کوئٹہ اور پنجاب کے درمیان شاہراہ پر شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک سفر پر پابندی لگادی گئی ہے۔
ضلع ژوب کی حدود میں کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ پر شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک سفر نہیں کیا جاسکے گا۔
ضلع کچھی میں کوئٹہ اور سندھ کے درمیان شاہراہ پر شام پانچ بجے سے صبح پانچ بجے تک سفر پر پابندی ہوگی۔
ان نوٹیفیکیشنز کے مطابق شام پانچ یا چھ بجے کے بعد آنے والی گاڑیوں کو مختلف مقامات پر صبح تک روک دیا جائے گا۔
نوٹیفیکشنز میں پابندی کی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں، تاہم یہ اقدام بعض شاہراہوں پر سنگین بدامنی کےواقعات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔