بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے زامران اور بلیدہ میں پاکستانی فورسز کو دو مختلف بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے جہاں ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
آج صبح کیچ کے علاقے بلیدہ، زیردان میں نامعلوم افراد نے پہلے سے نصب شدہ دھماکہ خیز مواد کے ذریعے فورسز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ کلئرینس میں مصروف تھے۔
دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکاروں کے ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم حکام کی جانب سے اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
اسی طرح دوسرے واقعہ میں ضلع کیچ کے علاقے زامران میں فورسز کے قافلے میں شامل گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے میں فورسز کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیئے۔
بلیدہ میں دھماکے کے بعد ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھنے میں آئی ہیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہلاک و زخمی اہلکاروں کو تربت منتقل کیا گیا ہے۔
مذکورہ دونوں علاقوں میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں جو مختلف نوعیت کے حملوں میں فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔