پاکستان کے صوبہ خیبر پختونوا کے علاقے جنوبی وزیرستان کے دونوں اضلاع میں آج سے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق صبح 6 سے شام 6 بجے تک تمام راستے بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی ) ناصر خان کے مطابق زالئی سے نیو کیڈٹ کالج وانا تک سڑک بند رہے گی، جب کہ تنائی، سرویکئی، جنڈولہ روڈ بھی بند رہے گا، وانا گومل زام کی سڑک مسافروں کے لیے کھلی رہے گی، البتہ احمد وام سے کوٹکئی تک کی سڑک بند رہے گی۔
ڈی سی ناصر خان کے مطابق بی بی رغزئی سے جنڈولہ تک کی سڑک بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے کچھ علاقوں میں آج کرفیو نافذ ہے، وانا سے انگور اڈہ اور وانا سے ٹانک جانے والی سڑکیں کھلی رہیں گی، ڈپٹی کمشنر نے عوام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔
ٹانک میں سیکورٹی خدشات کے باعث آج بعض راستے مکمل طور پر بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر ٹانک نے بھی راستوں کی بندش کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹانک میں کوڑ قلعہ، منزئی، خرگئی، احمد وام اور جنڈولہ روڈ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مکمل بند رہیں گے، جب کہ جنوبی وزیرستان کے مسافروں کے لیے وانا براستہ گومل، گڑداوی ٹریفک کے لیے کھلا رہےگا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا کے اضلاع جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں دہشتگردی اور فورسز پر حملے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں متعدد شہری اور اہلکار ہلاک ہوئے۔