حب میں مظاہرین پر کریک ڈائون اور بلوچ خواتین کی گرفتاریوں کے خلاف بی وائی سی کا کل بروز پیر 3 مارچ کو حب چوکی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی لسبیلہ ریجن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاستی ظلم اور اداروں کی پالیسیاں بلوچ ماؤں بہنوں کو حقیقی جدو جہد سے دستبردار نہیں کرسکتے۔ بلوچ مائیں اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے آخری حد تک جدو جہد کیلئے تیار ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ حب بھوانی میں لواحقین کی جانب سے چار دنوں سے دھرنا دیا جارہا ہے۔ اداروں کو چاہیے تھا کہ ان سے ملاقات کرکے ان کے پیاروں کی بازیابی کیلئے کوششیں کرتے لیکن حب پولیس اور اداروں نے فورسز کا استعمال کرکے پر امن دھرنے سے سیما بلوچ، مازیب بلوچ اور دیگر ساتھیوں پر تشدد کیا اور انہیں گرفتار کیا۔ اور انکے حوالے سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ اسی مناسبت سے کل بروز پیر 3 مارچ بلوچ یکجہتی کمیٹی لسبیلہ ریجن حب میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتی ہے۔ اپنے تاجر برادری سے ہم گذارش کرتے ہیں کہ وہ ان لواحقین اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ہڑتال کی حمایت کریں اور آکر حب بھوانی دھرنے میں شریک ہوں۔