ڈیرہ بگٹی ، تمپ و آواران سے فورسز ہاتھوں 10 افراد لاپتہ ،پسنی سے 2 بازیاب

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی ، تمپ اور آواران سے پاکستانی فورسز 10 افرادکو حراست میں لیکر جبری پر لاپتہ کردیا ہے جبکہ پسنی سےجبری گمشدگی کے شکار 2 بھائی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

ڈیرہ بگٹی سے اطلاعات ہیں کہ فورسز نے سوئی میں چھاپوں کے دوران 5 افراد کو جبری طور پر لاپتہ کردیا۔

پانچوں افراد کو مختلف علاقوں سے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا۔

کہا جارہا ہے کہ توطا ولد موسیٰ بگٹی، غازی ولد چیڈو بگٹی اور جنگل ولد جعفر بگٹی کو بگٹی کالونی سے لاپتہ کیا گیا ۔اور جمعہ ولد محمود بگٹی کو دودوانی پل سے جبکہ سیف اللہ ولد کوہی بگٹی کو سوئی شہر سے اپنے گھر جاتے ہوئے عاشقانی کے مقام سے جبری طور پر لاپتہ کردیاگیا۔

اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے فوج کشی کے دوران فورسزنے 4 افرادکو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

علاقائی ذرائع کا کہنا کہ مذکورہ نوجوانوں کو گذشتہ شب لاپتہ کیا گیا۔

لاپتہ کئے گئے افراد کی شناخت فاروق ولد عبدالحمید، الیاس ولد عبدالحمید سکنہ دازن، فارس ولد محمد کریم سکنہ دازن اور ابراہیم ولد علی سکنہ دازن کو حراست میں لیکر جبری لاپتہ کردیا ہے۔

بتایا جارہاہے کہ مذکورہ افراد میں سے دو بھائیوں فاروق اور الیاس کو اس سے قبل بھی جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا جنہیں بعدازاں رہا کردیا گیا۔

علاوہ ازیں آوران پیراندر سے فورسز نے شعیب ولد کریم بخش سکنہ چیدگی نامی شخص کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا ہے ۔

ادھر پسنی میں گذشتہ دنوں فورسز ہاتھوں درجن بھر لاپتہ ہونے والے نوجوانوں میں سے وسیم پٹھان اور وشدل پٹھان نامی دو بھائی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ۔

دونوں بھائیوں کو پسنی کے قصبے چکلی سے فورسز نے لاپتہ کیا تھا۔

Share This Article