بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ اور ساحلی شہر پسنی میں پاکستانی فورسز پر عسکریت پسندوں کے حملے میں دو اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ پسنی میں تعمیراتی کمپنی کے گاڑی کو نذر آتش کرنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ضلع کیچ میں فورسز پر حملے کے حوالے سے تربت پولیس کا کہنا ہے کہ تربت سے تقریباً 70 کلومیٹر دور تمپ میں منگل کی رات کو اس وقت پیش آیا جب ایف سی اہلکار گشت کر رہے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی اور راکٹ کے گولے بھی داغے جس کی زد میں آکر 3 اہلکار شدید زخمی ہوئے جن میں سے صدام اور سمیع نامی 2 اہلکار ازاں دم توڑ گئے۔
دوسری جانب آج ضلع گوادر کے تحصیل پسنی کے علاقے کلانچ میں عسکریت پسندوں نے فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے میں نشانہ بنایا، جبکہ ایک تعمیراتی کمپنی کے گاڑی کو نذر آتش کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح دس بجے جوھی کلانچ کے مقام پر فورسز کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حملے میں فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے جس میں اہلکاروں کو بھی جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
اسی طرح گزشتہ رات 8 بجے پسنی کے علاقے دراوال کلانچ کے مقام پر سڑک کی تعمیر کرنے والی کمپنی کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے آگ لگا کر تباہ کردیا۔
تاہم مذکورہ تینوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے ۔