شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق بشار الاسد کی حکومت کا تختہ اُلٹنے والے باغی رہنما احمد الشرع کو ’عبوری مدت‘ کے لیے شام کا صدر نامزد کیا گیا ہے۔
صنعا نیوز ایجنسی کے مطابق باغی فوجی کمانڈر حسن عبدالغنی نے شام کے 2012 کے آئین کی منسوخی اور سابق حکومت کی پارلیمنٹ، فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کو تحلیل کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انھوں نے کہا کہ صدر کی حیثیت سے شراع ایک عبوری قانون ساز کونسل تشکیل دیں گے جو نئے آئین کی منظوری تک حکومت کرنے میں مدد کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ 13 سالہ خانہ جنگی میں بشار الاسد کی مخالفت کرنے والے تمام باغی گروہوں کو تحلیل کر کے ریاستی اداروں میں ضم کر دیا جائے گا۔
یہ اعلان بدھ کے روز دمشق میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا جس میں الشرع کے اسلامی گروپ ہیئت تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کی سربراہی میں باغی اتحاد کے ساتھ لڑنے والے دھڑوں کے کمانڈروں نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا عنوان ’شام کے انقلاب کی فتح کا اعلان کرنے والی کانفرنس‘ تھا۔